سیکشن 4: اپنے اثر کی پیمائش کیسے کریں
سول سوسائٹی تنظیموں کے سماجی میڈیا کی مرحلہ وار گائیڈ
پیمائش اہم ہے یہ سمجھنے کے لئے کہ آپ کا کام شامل لوگوں، گروہوں، تنظیموں، یا کمیونٹیز میں کس قدر تبدیلی لا رہا ہے۔
خواہ آپ آن لائن کام کر رہے ہوں یا آف لائن، پیمائش آپ کے پروگرام کا اثر سمجھنے اور یہ اندازہ لگانے کی کلید ہوتی ہے کہ آپ کا کام شامل لوگوں، گروہوں، تنظیموں یا کمیونٹیز میں کتنا فرق پیدا کر رہا ہے۔
پیمائش کیوں اہم ہے
ممکن ہے کہ آپ کو مثبت یا منفی نتائج کا خاطر خواہ احساس ہو جائے، مگر صرف اثر کا مناسب تجزیہ ہی آپ کے کام کی خوبیوں اور خامیوں کی جامع شناخت کر سکتا ہے۔ آپ کی سرگرمی کے آن لائن یا آف لائن، سادہ یا پیچیدہ، سستی یا مہنگی ہونے سے بالاتر اثر کے تجزیات اہم ہیں۔
خواہ یہ اثر بڑا ہو یا چھوٹا، طویل مدتی ہو یا قلیل مدتی، مثبت ہو یا منفی، دانستہ ہو یا غیردانستہ، آپ کو کئی وجوہات کے باعث یہ معلوم ہونا چاہیے۔
1) مستقبل کے لئے اسباق۔
اچھی طرح تیار کردہ اثر کے تجزیات آپ کو یہ سمجھنے کے قابل بناتے ہیں کہ آپ کی سرگرمی کے کون سے عوامل دیگر سے بہتر کام کر رہے ہیں۔ اور کچھ حد تک اس کی وجہ بھی معلوم ہو جاتی ہے۔ اس سے آپ کی ان چیزوں پر توجہ مرکوز کرنے کی اہلیت بڑھے گی جو واقعی اہم ہیں اور آپ کو معلوم ہو گا کہ آپ کو مستقبل میں کیا تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔
2) وقت اور وسائل بچائیں۔
اثر کے تجزیات یہ یقینی بنانے میں مدد دے سکتے ہیں کہ آپ کا وقت اور پیسہ صحیح جگہ خرچ ہو رہا ہے۔ ان کی مدد سے آپ سرمایہ کاری سے بہترین منافع کما سکتے ہیں۔
3) سرمائے کا حصول آسان بنائیں۔
اثر کے تجزیات آپ کو جاری سرمائے کے تحفظ اور نئے عطیہ دہندگان کے حصول میں بھی مدد دے سکتے ہیں۔ اپنے اثر کا ثبوت فراہم کرنے کے قابل ہونے سے آپ کو اپنے پروگرام کا اثر اور قدر بہتر طور پر ظاہر کرنے اور پراجیکٹ مینیجمنٹ اور محاسبے کی اپنے اہلیت کا مظاہرہ کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
4) سماجی تبدیلی کے نمائندہ بنیں۔
اثر کے تجزیات انتہائی مؤثر ہو سکتے ہیں کیوں کہ وہ یہ ثبوت فراہم کرتے ہیں کہ آپ کسی اہم سماجی مسئلے کے حل میں اپنا حصہ ڈالنے کے قابل ہیں۔ اس ثبوت کو دوسروں کو یہ دکھانے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے کہ آپ کا کام اہم ہے۔
اثر کے تجزیات:
- دیگر تناظرات میں ایسا ہی کام کرنے کی خواہش رکھنے والے باقی افراد کو متاثر کریں۔
- اہم سماجی مسائل پر کام کرنے کے لئے آپ کے پراجیکٹ جیسے مزید پراجیکٹس کی ضرورت کے متعلق آگاہی پھیلائیں۔
- پالیسی کی تبدیلی کی وکالت کا کارآمد وسیلہ بنیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ یہ ظاہر کر سکیں کہ آپ کی مہم کے باعث سماجی میڈیا کے صارفین کی جانب سے آن لائن غلط معلومات کے حصول میں کمی آئی ہے، تو اس ثبوت کو آپ کی طرح کے پروگرامز کے لئے مزید سرکاری و نجی سرمایہ کاری کے حصول کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اثر کے تجزیات آپ کو آپ کے ملک میں اور بیرون ملک موجود، ایسے افراد کے بڑے نیٹ ورک کا حصہ بننے میں بھی مدد دے سکتے ہیں، جو اسی طرح کی پالیسی میں تبدیلیوں کی حمایت کرتے ہیں۔
آپ کے اثر کی پیمائش کے طریقے
اپنے پروگرام کے اثر کی پیمائش کے لئے بہترین آلات کی تلاش مشکل ہو سکتی ہے۔ تجزیے کی بہترین حکمت عملی کی تلاش اور اپنے پراجیکٹ کے لئے پیمائش کے بہترین ٹولز کے انتخاب کے متعلق چند تراکیب درج ذیل ہیں۔
1۔ پیمائش کے موجودہ ٹولز استعمال کریں۔
ہر ممکن حد تک پیمائش کے لئے اپنے ٹولز بنانے سے گریز کریں۔ تحقیق کر کے موجودہ اور مستند پیمائش کے وسائل منتخب کریں جنہیں تجزیے کے شعبے کے ماہرین نے تیار کیا ہو۔ آپ کو تشدد یا تعصب اور متعلقہ تصورات (مثلا بنیاد پرستی، انتہا پسندی، مزاحمت) کے درجات کی پیمائش کے لئے ٹولز کی لائبریری یہاں ملے گی – بس صفحے پر نیچے تک اسکرول کریں۔
2. تحقیقی ماہرین کے ساتھ اشتراک کریں۔
ایک اچھا اختیار یہ ہو سکتا ہے کہ کسی پیشہ ور محقق کو تجزیے کی ٹیم میں شرکت کی دعوت دی جائے۔ محققین اور سول سوسائٹی تنظیم کے درمیان معاونت باہمی طور پر فائدہ مند ہوسکتی ہے: آپ کو ڈیٹا تیار کرنے، اس کی پیمائش، تجزیہ کرنے، اور اسے اخذ کرنے میں مدد ملے گی، اور محقق کو اپنا علم حقیقی دنیا کے مسائل پر لاگو کرنے کا موقع ملے گا۔ اخلاقی و حفاظتی حدود کے مطابق، ممکن ہے کہ وہ تدریس اور تحقیق کے لئے بھی کچھ ڈیٹا استعمال کر سکیں۔
3۔ اپنے اثر کی پیمائش کے لئے ملے جلے طریقوں کی حکمت عملی استعمال کریں۔
اس کا مطلب ہے تجزیہ و تخمینہ کے مختلف ٹولز سے، مختلف اقسام کا ڈیٹا اکٹھا کرنا۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ آپ کے آن لائن مواد پر کتنی لائکس، شیئرز اور ویوز آ رہے ہیں۔ آپ ایک آن-لائن سروے بھی منعقد کر کے اپنے سامعین سے پوچھ سکتے ہیں کہ وہ آپ کے مواد کے متعلق کیا خیالات رکھتے ہیں۔ آپ Zoom پر یا بالمشافہ اپنے سامعین کا انٹرویو کر سکتے ہیں، اور اُن کے اپنے الفاظ میں اُن کا مؤقف لے سکتے ہیں۔ سماجی میڈیا مہمات کے کئی اچھے تجزیوں میں کئی طریقوں کا ملاپ شامل ہوتا ہے۔
4. پروگرام کے متعلقین سے اپنے تجزیے کے منصوبے پر گفتگو کریں۔
ہمارا مشورہ ہے کہ ایک فوکس گروپ یا گول میز پر منتخب کردہ متعلقین سے اپنے تجزیے کے منصوبے پر بات کریں۔ اپنے تجزیے کے منصوبے کی وضاحت کریں اور ان سے پوچھیں کہ کس چیز کی اور کس طرح پیمائش کی جانی چاہیے۔ ان کے مختلف نکتہ نظر آپ کے تجزیے کے لئے اہم رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں۔ اس قسم کی مشاورت آپ کے پراجیکٹ کے لئے اچھی ساکھ بھی پیدا کرسکتی ہے، کیوں کہ آپ کے اسٹیک ہولڈرز بہتر طریقے سے سمجھ سکیں گے کہ آپ کیا کر رہے ہیں اور خود کو ابتدا کاری کا ایک حصہ سمجھیں گے۔
آپ کے اسٹیک ہولڈرز میں متعلقہ کمیونٹیز کے ارکان، سرکاری نمائندگان، با اثر شخصیات اور سرگرم افراد شامل ہو سکتے ہیں۔
اصل زندگی کے اشاریوں کا استعمال
ہمیں "انتہا پسندی، نفرت، برداشت” اور مزاحمت جیسے تصورات کے لئے واضح حدود طے کرنے کے قابل ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ہم مؤثر طریقے سے ان کی پیمائش کر سکیں۔ چلیے تصور کرتے ہیں کہ ہم ایک مذہبی فیس بک گروپ میں مذہبی اقلیتوں کے لئے برداشت کی پیمائش کرنا چاہتے ہیں۔ کیا ہم محض مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد کے متعلق عدم برداشت پر اکسانے کے مواقع کو ایک اشاریہ گردانتے ہیں، یا کیا ہم واضح طور پر دل شکن تبصرے بھی شامل کرتے ہیں؟ اسی طرح، برداشت کے نشانات کیا ہیں؟ کیا ہم صرف مذہبی اقلیتوں کے لئے احترام اور قدر کے کھلے اظہار کی تلاش میں ہیں، یا کیا ہم غیر جانبدار خیالات کو بھی کسی کھاتے میں ڈالتے ہیں؟ برداشت یا عدم برداشت کی علامات کے طور پر صرف ایک یا تمام اقسام کے اظہار کے شمار کو منتخب کرنے سے ہماری تشخیص و تخمینوں کے نتائج نمایاں طور پر تبدیل ہوسکتے ہیں۔
برداشت کے تصور کو حقیقی زندگی کے اشاریوں میں بدلنے کے لئے آپ کو برداشت کی پیمائش کے قابل ہونے کی ضرورت ہے۔ آپ کو پیمائش کے لئے پیمانہ درکار ہے۔ ایک سادہ مثال دینے کے لئے آپ ایسا پیمانہ استعمال کر سکتے ہیں جس میں درج ذیل اقدار دی گئی ہوں:
منفی جانب:
10- برداشت کے پوائنٹس = تشدد پر ایک مرتبہ اکسانا۔
4- نفرت کے پوائنٹس = سماجی فاصلے کا ایک اظہار۔
مثبت جانب:
1+ برداشت کا پوائنٹ = غیر جانبداری کا ایک اظہار ("میں ہندوؤں کا مخالف نہیں”)۔
10+ براشت کے پوائنٹس = کسی مذہبی اقلیت کے لئے قدردانی کا واضح اظہار ("میں عیسائیوں کو بہت پسند کرتا ہوں اور ان کی عزت کرتا ہوں”)۔
لوگوں کے مختلف اقدامات پر بھی پوائنٹس دیے جا سکتے ہیں جو کہ لوگ اٹھائیں، نہ کہ محض زبانی باتوں پر جو وہ کریں۔ مثال کے طور پر ایسی پوسٹ لکھنے پر مخصوص پوائنٹس دیے جا سکتے ہیں جو مذہبی اقلیتوں کی جانب برداشت یا عدم برداشت کی علامات ظاہر کرے، جبکہ ایسی پوسٹ لائک یا شیئر کرنے پو پوسٹ لکھنے کی نسبت آدھے پوائنٹس دیے جا سکتے ہیں۔ خواہ آپ کا مقصد برداشت، تعصب، جنسی بنیاد پر تشدد، مزاحمت، بھروسے یا کسی دیگر تصور کی پیمائش ہو، آپ کو مختلف اصطلاحات کے لئے مختلف قدروں کا تعین کرنا ہو گا۔
موازنہ گروپوں کا استعمال
جب کبھی ممکن ہو تو آپ کے تجزیات میں دو مرکزی عناصر شامل کیے جانے چاہیے: مداخلت سے پہلےاور بعد کے ڈیزائن اور موازنے کے گروہ۔
مداخلت سے پہلے اور بعد کے ڈیزائن کا تصور یہ ہے کہ پراجیکٹ کے آغاز سے پہلے صورت حال دیکھی جائے اور پراجیکٹ کے اختتام کے بعد صورت حال دیکھی جائے۔ مثال کے طور پر ایک دوڑنے والا شخص ایک نئے، سہ ماہی تربیتی پروگرام میں شرکت سے قبل اپنا وقت ریکارڈ کر سکتا ہے۔ وہ تربیت کے تین ماہ کے اختتام پر اپنا وقت ریکارڈ کر سکتا ہے۔ یہ مداخلت سے پہلے اور بعد کا ڈیزائن ہو گا۔ اسی طرح اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ آیا فیس بک پر مہاجرین کے خلاف تعصب میں کمی کے لئے آپ کی مداخلت کارآمد رہی، تو آپ کو اپنی مداخلت سے پہلے اور بعد میں تعصب کی سطحوں کی پیمائش کر کے ان کے درمیان فرق دیکھنا ہو گا۔
موازنے کے گروہ ان لوگوں پر مشتمل ہوتے ہیں جو تجزیے کے وقت آپ کے پروگرام کا حصہ نہ ہوں۔ آپ کو ان سے بھی ڈیٹا اکٹھا کرنا ہو گا۔ اس سے آپ چیک کر سکیں گے کہ اگر آپ اپنا پراجیکٹ نہ چلاتے تو کیا ہوتا۔
موازنے کے گروپس کے ذریعے آپ دیگر ایسی چیزیں کنٹرول کر سکتے ہیں جو ممکنہ طور پر آپ کے پروگرام پر اثر انداز ہوتیں۔ مثال کے طور پر اگر فیس بک پر مذہبی اقلیتوں کی جانب برداشت میں اضافے کی آپ کی مداخلت کے دوران، مذہبی اقلیت کا کوئی رکن کسی مقامی لڑکی کے خلاف کسی سنگین جرم کا مرتکب ہوا تو کیا ہو گا؟ قوی امکان ہے کہ اس عمل سے، اور میڈیا پر اس متعلق کی جانے والی بات چیت سے، فیس بک پر مذہبی اقلیتوں کی جانب عدم برداشت کی سطح بڑھے گی۔ اس صورت میں موازنے کے گروپ کی موجودگی آپ کے پروگرام کے اثر کی پیمائش کا واحد ذریعہ ہو گی۔